Pages

میرے چاروں طرف افق ہے جو ایک پردہء سیمیں کی طرح فضائے بسیط میں پھیلا ہوا ہے،واقعات مستقبل کے افق سے نمودار ہو کر ماضی کے افق میں چلے جاتے ہیں،لیکن گم نہیں ہوتے،موقع محل،اسے واپس تحت الشعور سے شعور میں لے آتا ہے، شعور انسانی افق ہے،جس سے جھانک کر وہ مستقبل کےآئینہ ادراک میں دیکھتا ہے ۔
دوستو ! اُفق کے پار سب دیکھتے ہیں ۔ لیکن توجہ نہیں دیتے۔ آپ کی توجہ مبذول کروانے کے لئے "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ پوسٹ ہونے کے بعد یہ آپ کے ہوئے ، آپ انہیں کہیں بھی کاپی پیسٹ کر سکتے ہیں ، کسی اجازت کی ضرورت نہیں !( مہاجرزادہ)

بدھ، 29 جون، 2022

گھڑا کہانی

کہا جاتا ہے کہ کسی بادشاہ کا گزر اپنی سلطنت کے  ایک ایسے علاقے  سے ہوا جہاں کے لوگ سیدھا  نہر سے  ہی پانی لیکر پیتے تھے۔  بادشاہ نے حکم دیا کہ عوام الناس کی سہولت کیلیئے یہاں ایک گھڑا  بھر کر رکھ دیا جائے تو زیادہ بہتر رہے گا اور ہر چھوٹا بڑا  سہولت کے ساتھ پانی  پی سکے گا۔ بادشاہ یہ کہتے ہوئے اپنی باقی کے سفر پر آگے کی طرف بڑھ گیا۔

شاہی حکم پر ایک گھڑا خرید کر نہر کے کنارے رکھا  جانے لگا تو ایک اہلکار نے مشورہ دیا یہ گھڑا عوامی دولت سے خرید کر شاہی حکم پر یہاں نصب کیا جا رہا ہے۔ ضروری ہے کہ اس کی حفاظت کا بندوبست کیا جائے اور  ایک سنتری کو چوکیداری کیلیئے مقرر کیا جائے۔

سنتری کی تعیناتی کا حکم ملنے پر یہ قباحت بھی سامنے آئی کہ گھڑا بھر نے کیلیئے کسی ماشکی کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اور ہفتے کے ساتوں دن صرف ایک ماشکی یا ایک سنتری کو نہیں پابند کیا جا سکتا ، بہتر ہوگا کہ سات سنتری اور سات ہی ماشکی ملازم رکھے جائیں تاکہ باری باری کے ساتھ بلا تعطل یہ کام چلتا  رہے۔

ایک اور محنتی اہلکار نے رائے دی کہ نہر سے گھڑا بھرا ہوا اٹھا کر لانا نہ تو ماشکی کا کام بنتا ہے اور نہ ہی سنتری کا۔ اس محنت طلب کام کیلیئے سات باربردار بھی رکھے جانے چاہیئں جو باری باری روزانہ  بھرے ہوئے گھڑے کو احتیاط سے اٹھا کر لائیں اور اچھے طریقے سے ڈھکنا لگا کر بند کر کے رکھیں۔ ۔

ایک اور دور اندیش مصاحب نے مشورہ دیا کہ اتنے لوگوں کو  رکھ کر کام کو منظم طریقے سے چلانے کیلیئے   ان سب اہلکاروں کا حساب کتاب اور تنخواہوں کا نظام چلانے کیلیئے منشی محاسب رکھنے ضروری ہونگے، اکاؤنٹنگ کا ادارہ بنانا ہوگا، اکاؤنٹنٹ متعیین کرنا ہونگے۔

ایک اور ذو فہم و فراست اہلکار نے مشورہ دیا کہ   یہ اسی صورت میں ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ ہر کام اچھے طریقے سے چل رہا ہے  تو  ان سارے  ماشکیوں، سنتریوں اور باربرداروں سے بہتر طریقے سے کام لینے کیلیئے  ایک ذاتی معاملات کا ایک شعبہ قائم کرنا پڑے گا۔

ایک اور مشورہ آیا کہ یہ سب کچھ ٹھیک ہو رہا ہے مگر ملازمین کے درمیان میں لڑائی جھگڑا یا کوئی زیادتی ہو جاتی ہے تو ان کا تصفیہ اور ان کے درمیان میں صلح صفائی کون کرائے گا؟  تاکہ کام بلاتعطل چلا رہے، اس لیئے   میری رائے میں خلاف ورزی کرنے والوں اور اختلاف کرنے والوں کی تفتیش کے لیے ایک قانونی امور کا محکمہ قائم کیا جانا چاہیے۔

ان سارے محکموں کی انشاء کے بعد ایک صاحب کا یہ مشورہ آیا کہ اس سارے انتظام پر کوئی ہیڈ بھی مقرر ہونا چاہیئے۔  ایک  ڈائریکٹر بھی تعیینات کر دیا گیا۔

سال کے بعد حسب روایت بادشاہ کا اپنی رعایا کے دورے کے دوران اس مقام سے گزر ہوا تو اس نے دیکھا کہ نہرکے کنارے کئی کنال رقبے پر ایک عظیم الشان عمارت کا وجود آ چکا ہے جس پر لگی ہوئی روشنیاں دور سے نظر آتی ہیں اور عمارت کا دبدبہ آنکھوں کو خیرہ کرتا ہے۔ عمارت  کی پیشانی پر  نمایاں کر کے "وزارت انتظامی امور  برائے گھڑا " کا بورڈ لگا ہوا ہے۔

بادشاہ اپنے مصاحبین کے ساتھ اندر داخل ہوا تو ایک علیحدہ ہی جہان پایا۔ عمارت میں کئی کمرے، میٹنگ روم اور دفاتر قائم تھے۔ ایک بڑے سے دفتر میں ، آرام کرسی پر عظیم الشان چوبی میز کے پیچھے سرمئی بالوں  والا ایک  پر وقار معزز شخص بیٹھا ہوا  تھا  جس کے سامنے تختی پر اس کے القابات  "پروفیسر ڈاکٹر دو جنگوں کا فاتح فلان بن فلان ڈائریکٹر جنرل برائے معاملات سرکاری گھڑا"  لکھا ہوا تھا۔

بادشاہ نے حیرت کے ساتھ اپنے وزیر سے اس عمارت کا سبب پوچھا، اور ساتھ ہی اس  عجیب و غریب محکمہ کے بارے میں پوچھا جس کا اس نے اپنی زندگی میں کبھی نام بھی نہیں سنا تھا۔

بادشاہ کے وزیر نے   جواب دیا: حضور والا، یہ سب کچھ آپ ہی کے حکم پر ہی تو ہوا ہے جو آپ نے پچھلے سال عوام الناس کی فلاح  اور آسانی کیلیئے یہاں پر گھڑا نصب کرنے کا حکم دیا تھا۔

بادشاہ   مزید حیرت کے ساتھ باہر نکل کر اس گھڑے کو دیکھنے گیا جس کو لگانے کا  اس نے  حکم دیا تھا۔ بادشاہ نے دیکھا کہ گھڑا   نہ صرف خالی اور ٹوٹا  ہوا ہے بلکہ اس کے اندر ایک مرا ہوا پرندہ بھی پڑا ہوا ہے۔ گھڑے کے اطراف میں بیشمار لوگ آرام کرتے اور سوئے  ہوئے پڑے ہیں اور  سامنے ایک بڑا بورڈ لگا  ہوا ہے:

"گھڑے کی مرمت اور بحالی کے لئے  اپنے عطیات جمع کرائیں۔ منجانب   وزارت انتظامی
امور  برائے گھڑا"
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اتوار، 26 جون، 2022

اگر ایسا ہوتا ۔ ۔ ۔!

 آج یہ تصویر ، بوڑھے کے ذہن میں کچھ  سوچیں بیدا ر کر گئی ۔

اب احساس ہوتا ہے کہ اگر پاکستان نہ بنتا ،۔ تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
17 کروڑ مسلمان بزدل ہندوؤں کے رحم کو کرم پر نہ ہوتے۔ اور ۔ ۔ ۔
39 کروڑ مسلمان متحدہ ہندوستان کے حاکم ہوتے !

 ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

 

ھ 

 

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

قسط-01۔ گروپ لائف انشورنس کی جمع کروائی گئی رقوم کی پنشنرز کوواپسی ۔

اُفق کے پار بسنے والے  میرے پنشنرز   دوستو۔

آپ سب کے علم میں ہے کہ ،  ہائیکورٹس ، خیبر پختون خواہ ، بلوچستان اور سندھ کے فیصلے کے مطابق ۔

گروپ لائف انشورنس کی جمع کروائی گئی رقوم کی پنشنرز کو منافع کے ساتھ واپس کی جائیں  ۔

سپریم کورٹ آف پاکستا ن  کا آرڈر ۔ صوبوں کی ہائی کورٹس کا فیصلہ

 9 جون کے گرینڈ الائنس  ملازمین و پنشنرز کے احتجاج میں جو، تنخواہیں اور  پنشن  میں اضافہ کروانے کے لئے بجٹ  2022-2023  پاکستان قومی اسمبلی میں پیش ہونے سے پہلے ، فنانس منسٹری کے  سامنے ہوا ، میں سول آرمڈ فورس کے ایک   صوبیدار (ر) شمس چترالی نے پوچھا ، کہ جناب  گروپ لائف انشورنس  کی  ریٹائرڈ ملازمین کی واپسی کا کیا ہوا ۔ جس پر میں نے  ایک بیان دیا کہ ، 10 جون کے بعد ہم اب    GLI کے کیس کو دیکھیں گے۔ آپ اپنی درخواستیں ہمیں بھجوانا شروع کر دیں ۔

پہلی درخواست  آل پاکستان پنشنرز کے آفس میں ٍسی اینڈ ڈبلیو کے ریٹائرڈ ہیڈ کلرک مہر نبی ولد نوروز علی پارا چنار سے 10 جون شام کو  وٹس ایپ پر وصول ہو ئی ۔  

 میں نے ابھی تک یہ معاملہ چیئرمین سے ڈسکس نہیں کیا تھا ۔ سوچا کہ ایک ہفتے کے آرام کے بعد اِس معاملے کے خدو خال سنورتے ہیں کہ اِس حکامِ بالا تک پہنچانے کے لئے کیا طریقہ اختیار کیا جائے ۔ اکتوبر 2021 سے  غور و خوض تو کیا مگر سرا پکڑائی نہیں دے رہا تھا ۔  اِس درخواست  کے بعد لگاتار 10 درخواستیں اور پارا چنار سےوٹس ایپ ہوئیں   اور یہ سول آرمڈ فورسز  کے گریڈ 14 تک کی ملازمین کی تھیں  اور دو ٹیچرز بھی شامل تھے ۔ 17 جون 2022 کو مجھے ایک نوجوان محمد حسنین کا فون آیا ۔
" سر میں نے اپنے والد کی جی ایل آئی کی واپسی کی درخواست۔ آپ کے آفس بھجوادی ہے ۔ کب تک پیسے مل جائیں گے ۔ مجھے پڑھائی کے سلسلے میں ضرورت ہیں " ۔ 

جس پر بوڑھے کو وقت کی نزاکت کا احساس ہو ا ۔ لہذا ایمرجنسی بنیاد پر  کام شروع کردیا ۔ اپنے ملازمین ساتھیوں سے رابطہ کیا ۔  ابھی کچھ پلاننگ کر رہا تھا کہ ایک پنشنر کا فون آیا ۔

" سر میں 2000 میں ریٹائر ہوا تھا ۔ میری 100 فیصد پنشن کب ہو گی "
آپ کی پنشن 74 سال کی عمر میں 100 فیصد ہو گی لیکن ، اُس کے لئے آپ کو درخواست دینا ہوگی "
سر درخواست کیوں ؟ میری پنشن تو آرہی ہے ، اکاؤنٹ والوں کو تو خود بخود 100 فیصد کرنا چاھئیے "

" تاکہ اُنہیں یقین آجائے کہ آپ  ، حیات ہیں ، میں آپ کو درخواست وٹس ایپ کر دیتا ہوں وہ بھر کر دیگر کاغذات کے ساتھ ۔ اپنی 74 ویں سالگرہ کے بعد بھجوا دینا ، پہلے نہیں ، ورنہ ردّی کی ٹوکری میں ڈال دی جائے گی ۔

سر آپ مدد نہیں کر سکتے ؟
میں یہ مدد کرسکتا ہوں کہ آپ کی درخواست ، کلرک کو ذاتی طور پر وصول کرواؤں  اور وصولی کے دستخط لوں ۔ آپ کو بھجوا دوں ، لیکن اگر آپ اسے پاکستان پوسٹ سے اکنالج منٹ کے ساتھ بھجوائیں تو وہ زیادہ بہتر ہو گا ۔ 

موبائل بند کرنے کے بعد میرے ذہن میں گھنٹی بجی ۔ ۔ ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

مزید مضامین  پڑھیں :

قسط نمبر-02

 

ہفتہ، 11 جون، 2022

شگفتہ گوئی ۔ بوڑھے کی ڈائری ۔ بگھارے بینگن ۔

  اُفق کے پار بسنے والے میرے شگفتہ گو دوستو !  آج ماہ جون کا دوسرا ہفتہ ، تین بجے دوپہر یاد آیا کہ آج ، گھر بیٹھے محفلِ  مناثرہ سجائی جائے گی۔ وٹس ایپ کھولا تو نیا وقت 17:30 تھا جو چمک رہا تھا ۔ 
پروگرام کی ترتیب کے ساتھ :لہذا صوفے پر سو گیا کیوں کہ    ،  بجلی چلی گئی تھی ۔اٹھا تو نئی ترتیب آویزاں تھی ۔نذارت کے ساتھ ۔
 تمام ارکان سے گزارش ہے کہ شگفتگو کے ضابطے کا خیال رکھیں اور یہاں صرف اپنی تحریریں پیش کریں۔
بڑۓ مزاح نگاروں کی تحریریں ہم اور کئی جگہ پڑھ لیا کرتے ہیں۔۔
پروگرام کی ترتیب
5:30 بسم اللہ سے آغاز
5:35 - خالد مہاجر زادہ
5:50 - عاطف مرزا
6:05 - ڈاکٹر عزیز فیصل
6:20 - سید سبطین رضوی
6:35 - خادم حسین مجاہد
6:50 - ڈاکٹر محمد کلیم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
  ۔ بوڑھے کی ڈائری۔  بگھارے بینگن
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

بیگن کے بارے میں ہم بچپن میں اتنا جانتے تھے ، کہ اِسے "بتاؤں " بھی کہا جاتا ہے ۔  بتاؤں غالباً لمبے ہوتے اور بیگن گول ۔
تو بس بچپن سے ہی "بتاؤں و بیگن و بتنگڑ" ہمارے رقیب تھے ۔ نہ صرف ہمارے نہیں بلکہ سب بہن بھائیوں کے بھی بلکہ  اُفق کے پار بسنے والے میرے شگفتہ گو دوستو !
آپ بھی اِس اجتماعی گروپِ رقیبانِ بینگن میں یقیناً شامل ہوں گے، جس کا سرپرستِ اعلیٰ تو نہیں البتہ سرپرستِ شور و غوغاؤں میں شامل ضرور رہا ۔
ایک دفعہ نصف صدی سے بھی پہلے کا ذکر ہے، بوڑھے کو اچھی طرح یاد ہے کہ دادی اور چچا ہمارے پاس لاہور آئے ۔
 رات کو آٹے کے کنستر پر  شراشرتیں کرتے چوہوں میں سے ایک شامت کا مارا ، چچا کے ہاتھوں اسیرِ موت ہوا ۔
وہ اسے دم سے پکڑ کر لٹکائے ہوئے ۔ ہمیں ڈرانے لگے ۔ کبھی پنڈولم کی طرح ھلاتے اور کبھی گھڑیال کی سوئیوں کی طرح ۔ میں اور آپا چادر میں منہ چھپائے چینخیں مارتے ۔

کوئی دوسرا یا تیسرا دن تھا ۔ امی نے "بینگن" بنائے ۔
امی چونکہ اجمیر کی رہنے والی یوسف زئی پٹھان تھیں لیکن مختلف ہندوستانی کھانے پکانے میں ید طولیٰ رکھتیں تھیں ۔ لہذا مصالحے دار بینگن، بگھارے بیگن ، بینگن کا بھرتہ ، بینگن بھرے پراٹھے اور تلے ہوئے بیگن بنا کر ابا کے دل میں اترنے کا راستہ بناتیں ۔ بلکہ ٹنڈے ، لوکی ، کدّو ، کے خاندان کی تمام سبزیاں وہ مٹی کی ہانڈی میں ایسے گھماتیں کہ اُن کے بلبلانے کی آواز ہمیں صحن کے دروازے کے باہر سنائی دیتی۔ ہمیں یعنی مجھے اور آپا کو پوری آزادی تھی کہ وہ الٹے توّے کی روٹی پر دیسی گھی چپڑ کر اُس میں حسبِ ذائقہ سے بھرپور چینی ڈالیں اور رول پراٹھا بنا کر کھائیں ۔ جو بعد میں ہمارے بچوں کے لئے اگلو قرار پایا ۔ کیوں کہ اُن کے مطابق پراٹھا توے پر تلا ہوتا اور یہ سادہ روٹی خیر ۔
اُس دن میں اور آپا رول پراٹھا کھا رہے تھے ، کہ چچا نے ، سالن میں لتھڑے کالے رنگ کے بتاؤں کو اُٹھایا اور منہ میں ڈالتے ہوئے کہا ،
"بھابی ! آج تو کھانے کا مزہ آگیا " ۔
" تتا، تتا ، توہا توہا '' چھوٹا بھائی چلایا ۔
میں نے نظریں اٹھا کر دیکھا ، اور رات کا منظر میری آنکھوں کے سامنے گھوم گیا ۔ بینگن، چوہے کی طرح جھولتا ہوا ، چچا کے منہ میں غائب ہو رہا تھا ۔
اُف ، یہ منظر ذہن پر نقش ہو گیا ۔جونہی گھر میں بگھارے بینگن پکتے ، میں کھانا کھانے سے انکار کر دیتا ۔ ہاں البتہ بینگن کا بھرتہ چکھ لیا کرتا ۔
اللہ تعالیٰ جنت میں اونچا مقام عطا فرمائے ۔ والد کا ایک ہی شوق تھا ، گھر کے سامنے خالی جگہ پر سبزیوں کا کھیت  لگانا ۔ فوج میں گھروں کے پیچھے کافی جگہ ہوتی تھی ، یہ 1957 کا دور تھا ۔ کنال سے لے کر چار کنال تک آپ کاشت کر سکتے تھے ۔ ورکنگ مل جاتی ، پانی بے تحاشا ، کھاد ڈیری فارم سے مل جاتی ۔ یوں کچن فارمنگ بوڑھے کی گھٹی میں پڑ گئی جہاں خالی زمین گھر کے ساتھ دیکھی وہیں ۔ باغیچہ بنا دیا ۔
پانچ دس گھروں میں سبزیاں بھیجنا روزانہ جانا معمول ہوتا ، اور بچے ہم سے جھگڑتے ، لیکن ہم خود مظلومین میں شامل تھے ۔  
نواب شاہ میں ہم ، ماموں کے گھر میں  1960" بیگن" سے متعارف ہوئے ، وہاں بتاؤں ، کو کوئی نہیں پہچانتا تھا ۔ بس لمبے بینگن اور گول بینگ ۔  پتلے بینگن اور موٹے بینگن ، میرپورخاص اور حیدر آباد میں بھی بیگنوں کی حکومت تھی ۔ ہاں البتہ بہاولپور میں بتاؤں اور بیگن دونوں چلتے تھے ۔
آج کل ہم دونوں میاں اور بیوی ، وزن کم کرنے کے لئے ، روزانہ واک پر نکلتے ہیں - لمبا چکر کاٹ کر مارکیٹ پیدل جاتے ہیں ۔ کچھ چیزیں خرید لیتے ہیں ۔
 بیگم سبزی کی دکان میں گئی کہ فرج میں سبزیاں ختم ہو گئی ہیں وہ خرید لیتے ہیں ۔ سبزی کی دکان موسمِ سرما کی سبزیوں سے بھری ہوئی تھی ۔
بیگم نے پوچھا ، " کیا سبزی لی جائے؟"
 ہم نے کہا ، " آلو، اروی ، گوبھی اور پالک لے لو " ،
بیگم  نے اروی کو آلو کی قبیل کا بتاتے ہوئے ، آلو کو ترجیح دی ۔ پالک بھی لی ۔
اُن کی شدت سے خواہش تھی کہ کدو یا گھیا توری لی جائے ۔ اِس سے پہلے ہمیں غَش آجاتا، ہماری نظریں ، بیگن پر پڑی ۔ ہم نے کہا
" جس طرح اروی اور آلو زمین کے نیچے اُگنے کی وجہ سے ایک قبیلہ بنتا ہے اِس طرح ، زمین کے اوپر اُگنے کی وجہ سے ، کدّو اور گھیاتوری کا بڑا بھائی بیگن اہمیت رکھتا ہے جب بگھارا جائے"۔
تو قارئین ، بیگن کے ڈھیر میں سے اُنہوں نے فقط چار بیگن چنے ، متناسبُ الاعضا و رنگت اور سر پر سبز رنگ کا تاج ۔
ہم نے کہا،
"بیگم بزگوں نے کہا ہے کہ بلا شبہ ، شہنشاہ کی موجودگی میں ۔ چوبداروں اور دربانوں کو دسترخوان کی زینت بنانا گناہ کبیرہ ہے ۔ "
اُنہوں نے گھیا توری اُٹھاتے ہوئے کہا،
" اکثر بیویاں چونکہ خاندانِ غلاماں سے تعلق رکھتی ہیں ، لہذا انہیں چوبداروں سے بھی ہمدردی ہوتی ہے "

تو یوں ہمارے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ۔ جس کے مطابق ، اگر ہمارا دل چاہے تو ہم ، گھیا توری پر بھی مہربان ہوسکتے ہیں ، ورنہ ۔ ۔ ۔ ۔
ہمیں اتوار کے پکے ہوئے ، بیسن کے قتلے کھانے پڑیں گے ۔ المعروف کھنڈویوں کا رشتہءِ کبیر و لذیذ ۔
کبھی کھائے ہیں آپ نے فرج میں رکھے ہوئے ، تین دن پرانے بیسن کے قتلے ؟
نہیں نا !
یہ بوڑھا باسی کڑی کی طرح بیسن کے پرانے قتلوں کا بھی شوقین ہے ۔
اللہ آپ سب کو اپنی امان میں رکھے مکمل جزائے خیر کے ساتھ ، اگلے مناثرے تک ، شکریہ

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭


خیال رہے کہ "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ !

افق کے پار
دیکھنے والوں کو اگر میرا یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کو بھی بتائیے ۔ آپ اِسے کہیں بھی کاپی اور پیسٹ کر سکتے ہیں ۔ ۔ اگر آپ کو شوق ہے کہ زیادہ لوگ آپ کو پڑھیں تو اپنا بلاگ بنائیں ۔