شیر شاہ سوری نے شاہراہ شیر شاہ سوری ( جی ٹی روڈ اور جرنیلی سڑک ) اور دیگر مقامات پر کافی باؤلیاں بنوائیں ان میں ہاتھی اور گھوڑے بھی اتر سکتے تھے بعض باؤلیوں میں زیر زمین کئی کلومیٹر خفیہ راستے بھی ملتے ہیں ۔ جہاں بھی راجپوت اور شیر شاہ سوری کے دور کے قلعے ہیں وہاں یہ باؤلیاں ضرور ملتی ہیں ۔
عمومی طور پر تاریخی عمارتوں کے احاطے میں سیڑھیوں والے کنویں " باولیاں " ( stepwell ) ضروری ہوتی تھیں۔
شروع شروع میں تو یہ تعمیری کاموں میں استعمال ہوتی تھیں بعد میں تفریح اور آرام گاہ کے بطور مستقل موجود رہتی تھیں۔
دہلی میں متعدد، لکھنؤ میں ایک، آلہ آباد باندہ روٹ پر کالنجراور چترکوٹ دوجگہ، سہسرام، حیدرآباد، بھوپال وغیرہ کی تاریخی عمارتوں میں باولیاں موجود ہیں ۔
ابھی پاکستان میں کچھ باولیاں باقی ہیں مثلاً لوسر باؤلی ( واہ کینٹ ) ، ہٹیاں ( چھچھ ) ضلع اٹک اور قلعہ روہتاس (جہلم) میں-
یہ ایک بڑا سا کنواں ہوتا ہے جس میں پانی کی سطح تک سیڑھیوں کے ذریعے پہنج سکتے ہیں. اس میں ارد گرد راہداریاں اور کمرے بنے ہوتے ہیں جو شدید گرمی میں بھی بہت ٹھنڈے رہتے ہیں. امراء وہاں اپنے دفتر اور آرام کرتے تھے اور یوں تپتی دوپہریں ٹھنڈے پانی کے پہلو میں بیٹھ کر گزار دیتے تھے-
شیر شاہ سوری نے رعایا کی سہولت کے لیے بہت سی سڑکیں بنوائیں، یہ سڑکیں فوجی نقطہ نگاہ سے بھی بڑی اہم تھیں۔
سب سے بڑی سڑک کابل سے شروع ہوکر سنارگاؤں (بنگال) تک چلی گئی ۔ اس شاہراہ کا نام شاہراہ شیر شاہ سوری تھا جیسے برطانوی سامراج کے راج میں اس کا نام گرانٹ روڈ رکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ بڑی سڑکوں میں آگرہ سے برہان پور، آگرہ سے جودھ پور وچتوڑ اور لاہور سے ملتان تک سڑکیں قابل ذکر ہیں۔ ان کے دو رویہ سایہ دار درخت لگوائے گئے تھے۔ ہر دو کوس کی مسافت پر ایک سرائے تعمیر کی گئی، سلطنت کی مختلف سڑکوں پر کل 1700 سرائیں تھیں ان میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے لیے الگ الگ قیام و طعام کا بندوبست تھا۔
ہر سرائے کے بڑے دروازے پر لب سڑک ٹھنڈے پانی کے مٹکے بھرے رہتے تھے تاکہ مسافر پیاس بجھا سکیں۔ ہر مسافر کو کھانا، چارپائی اور اس کے مویشیوں کو چارہ مفت دیا جاتا، ہر سرائے میں ایک کنواں اور ایک مسجد کی تعمیر ہوئی۔
مسجد کے لیے امام اور موذن علاوہ ازیں مسافروں کے سامان کی حفاظت کے لیے کئی چوکیدار مقرر تھے۔
سرائے کے ناظم اعلیٰ کو ’’شور‘‘ کہا جاتا تھا۔ ان سرائے کے اخراجات کی کفالت کے لیے ملحقہ میر کی آمدنی الگ کردی گئی تھی ۔
٭٭٭٭٭
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں