Pages

میرے چاروں طرف افق ہے جو ایک پردہء سیمیں کی طرح فضائے بسیط میں پھیلا ہوا ہے،واقعات مستقبل کے افق سے نمودار ہو کر ماضی کے افق میں چلے جاتے ہیں،لیکن گم نہیں ہوتے،موقع محل،اسے واپس تحت الشعور سے شعور میں لے آتا ہے، شعور انسانی افق ہے،جس سے جھانک کر وہ مستقبل کےآئینہ ادراک میں دیکھتا ہے ۔
دوستو ! اُفق کے پار سب دیکھتے ہیں ۔ لیکن توجہ نہیں دیتے۔ آپ کی توجہ مبذول کروانے کے لئے "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ پوسٹ ہونے کے بعد یہ آپ کے ہوئے ، آپ انہیں کہیں بھی کاپی پیسٹ کر سکتے ہیں ، کسی اجازت کی ضرورت نہیں !( مہاجرزادہ)

ہفتہ، 12 نومبر، 2016

میری بڑی بہن !


٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭


..سوال نمبر 5...
اپنی بڑی بہن کے بارے میں مضمون لکھیں 
1 بہن کی عمر کتنی ہے Age
2 جسمانی سائز کیا ہے Physique
3 قد کتنا ہے Height
4 دیکھنے میں کیسی ہے Looks
5 رویہ کیسا ہے. .Attitude ..


   1 بہن کی عمر کتنی ہے ؟
جواب : میری بڑی بہن مجھ سے ڈیڑھ سال بڑی ہے ، امی نے بتایا ، کہ وہ ماموں کی بڑی بیٹی سے سال چھوٹی ہے ۔ لیکن وہ بہت ذہین ہے، اُس نے کچی اور پکی چھ مہینے میں پڑھ کر پہلی میں آگئی تھی اور جب وہ پانچویں سال میں تھی تو دوسری جماعت میں پڑھتی تھی اور میں پکّی جماعت میں تھا، امی جب گھر کے کام میں مصروف ہوتیں تواُسے کہتیں،

 " خیرن ، نمّو کو پڑھا دے "
نام تو اُس کا خیرالنساء ہے مگر ہمارے ہاں بلکہ پورے محلے میں بچوں کو چھوٹے ناموں سے بلایا جاتا ہے ، جیسے مجھے نمّو ، آپا کو خیرن ، ایک بشیرن تھی ، رشیدن ہمارے گھر سے چار گھر چھوڑ کر رہتی ہے ، وہ آپا کی جماعت میں تھی مگر اُس سے بڑی اور بہت موٹی ہے ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتی رہتی ہے،امی اُسے کہتیں -
" رشیدن اگر تو یہ بکری کی طرح جگالی کرنا چھوڑ دے ، تو بکری ہی کی طرح پتلی ہوجائے "
" خالہ ، میں نے پتلی ہو کر کیا کرنا ؟ جب کوئی لڑکی کلاس میں مجھے تنگ کرتی ہے تو میں بریک میں اُسے گرا کر اُس کے اوپر بیٹھ جاتی ہوں ، تب معاف کرتی ہوں جب وہ روئے نہ اور ٹیچر کو نہ بتانے کا وعدہ کرے "

آپا اپنی کلاس میں سب سے چھوٹی ہے اور اپنی کلاس کی مانیٹر بھی ہے- مجھے آپا سے پڑھنا بہت بُرا لگتا تھا ، اِسی لئے جب امی کہتیں کہ ،
" نمّو آپا سے پڑھ اور پھر مجھے سبق سنانا "
تو میں شُو شُو کے بہانے ، کمرے سے بھاگ جاتا، جب آپا کو اپنی سہیلیوں کے ساتھ سٹاپو کھیلتے دیکھتا تو گھر آتا،
امی  کو جتنا سبق لکھا ہوتا وہ دکھا دیتا اورپھر باقی کرنے بیٹھ جاتا ہوں ۔
اب میں میٹرک میں ہوں اور آپا کی شادی ہوگئی ہے اب میں گھر میں بڑا بھائی ہوں،مجھ سے چھوٹےتین بھائی اور دو بہنیں ہے ، میں اور چھوٹا بھائی ، گھر سے دومیل دور سکول ہے وہاں پڑھتے ہیں اور سائیکل پر جاتے ہیں اور باقی گھر کے نزدیک سکول میں ہیں ۔


2 جسمانی سائز کیا ہے؟
آپا مجھ سے قد میں چھوٹی ہے، پہلے وہ   پتلی تھی ، مگر  اب وہ رشیدن جتنی موٹی  ہے اور رشیدن اور موٹی ہو گئی ہے ۔ مگر وہ کالج میں پڑھتی ہے ۔
سب لڑکیاں شادی کے بعد موٹی ہوجاتی ہیں ، شاید کھا کھا کر یا شاید بیٹھ بیٹھ کر، پچھلے ہفتے جب آپا اپنی بیٹی نونی کے ساتھ گھر آئی تو امی کو کہہ رہی تھی کہ وہ ڈائیٹنگ کر رہی ہے ۔ تو امی ہنس پڑیں اور بولیں ،
" تو آج کیا ہوا ؟"
" امی آپ کھانا بہت اچھا بناتی ہیں ، میں کیا کروں، ہاتھ ہی نہیں رُکتا "

آپا نے بغیر شرمندہ ہوتے ہوئے کہا ۔



  3 قد کتنا ہے Height
آپا میرے کندھے کے برابر آتی ہے اُس کا قد پانچ فٹ ہے۔ ھاں پہلے وہ مجھ سے لمبی تھی مگراب میرا قد لمبا ہوگیا ہے ۔

4 -دیکھنے میں کیسی ہے Looks

آپا دیکھنے میں امی کی طرح ہے۔

5 رویہ کیسا ہے. .Attitude ..
آپا کا رویہ جیسا شادی سے پہلے تھا ویسا اب نہیں رہا شائد ہم سے دور ہے اِس لئے ورنہ آپا کی اور میری روزانہ لڑائی ہوتی اور میں امی سے پٹتا ۔ بس اُن کا ایک ہی جملہ ہوتا ،
" بہن کو مارتا ہے ۔ شرم نہیں آتی "
" آپا نے پہلے مجھے مارا ہے امی "
میں روتا ہوا کہتا ۔

 " بڑی بہن ہے " امی کہتیں " ماں کی جگہ ہے، شرم کر "
" میں بھی بڑا بھائی ہوں ، باپ کی جگہ ہوں " میں گھر سے باہر نکلنے والے دروازے کے پاس کھڑا ہوکر جواب دیتا ۔
" باپ کی جگہ ہے تو چل کما کر لا " آپا فوراً بولتی " کام کا نہ کاج کا، دشمن اناج کا "
اِس سے پہلے کہ آپا امی کو اُن کی چپل پکڑائے ، میں آپا کا منہ چڑا کر بھاگ جاتا ۔
امی پہلے ہاتھ سے مارتی تھیں ، مگر اب نہیں کہتی ہیں ،
" کمبخت کی کھال گینڈے کی طرح سخت ہو گئی ہے ، دو تھپّڑ ماروں تو ہاتھوں میں درد ہونے لگتا ہے "
امی کا پہلے نشانہ بہت اچھا تھا، لیکن دور کی عینک لگنے کے بعد اُن کا نشانہ انڈیا کے میزائل کی طرح ہو گیا ہے۔ چپل کبھی دائیں سے گذرتی اور کبھی بائیں سے، عینک پہن کر پھر بھی کچھ بہتر ہوتا ہے اگر چپل کو جُل دینے میں ناکامی ہو ، لیکن اب میں اور چھوٹا بھائی امی کی چپل کینچ کر کے واپس لاکر دیتے ہیں ، (کیوں کہ ماں کی خدمت کرنا اولاد کا فرض ہے) اور پھر بھاگ جاتے ہیں ۔ امی کی اسفنج کی چپل ہے، لیکن آپا کی ہیل والی ہوتی ہے ، کیوں کہ وہ اپنا قد بلند رکھنے کے لئے ایڑی اور چوٹی کا زور لگاتی ہے ، آپا اب گھر پر ہوتی نہیں کہ اپنی چپلیں اتار کر امی کو دے ۔
کہا جاتا ہے بڑی بہن ہو ، لیکن عقلمند نہ ہو اور نہ ہی ذہین، کیوں کہ اُسے چکر دینا آسان ہوتا ہے، لیکن افسوس آپا میں یہ دونوں برائیاں پائی جاتی ہیں ۔
ہماری ایک ماموں زاد بہن ہے زیبن آپا ، جو آپا سے بڑی ہے اُس کے تین بچے ہیں جب ہم بھاولپور جاتے تو ، مغرب کے بعد ہم سب صحن میں اُن کے پاس بیٹھ جاتے وہ ہمیں کہانیاں سناتیں بہت مزہ آتا ، آپا کو کہانی سنانا نہیں آتی بس شور کرنا آتا ہے ۔ امی کہتی ہیں ،
" خیرن تو رمضان میں سحری پر لوگوں کو جگایا کر "
کبھی امی اُسے کھانا پکانے کا کہتیں تو گھر میں بھونچال آجاتا اور میں ملازموں کی طرح دوڑ دوڑ کر بازار سے چیزیں لاتا ۔ ایک کہانی تھی چچا چھکن نے تصویر ٹانگی وہ ہمیں زیبن آپا نے سنائی تھی ۔ بس گھر کاکوئی کام ملتے ہی ، آپا چچا چھکن بن جاتی ۔ لیکن اب آپا شادی کے بعد بہت اچھی ہوگئی ہے۔ اب اُس کی بچیاں دوڑ دوڑ کر کام کم کرتی ہیں گرتی زیادہ ہیں ، برتنوں سمیت وہ تو اچھا ہے ، کہ امی نے گھر کے استعمال کے لئے ، سٹیل کے برتن رکھے ہیں ، پہلے تام چینی کے ہوتے تھے گر گر کر اُن کی چینی اکھڑ جاتی نیچے سے تام نظر آتا ۔
چینی کے برتن صرف مہمانوں کے آنے پر نکلتے ، سچ چینی کے برتنوں میں کھانا زیادہ مزیدار لگتا ہے ۔
نوٹ: میں چائے چینی کے اِس پیالے میں پیتا ہوں۔








٭٭٭٭٭ختم شُد ٭٭٭٭٭






کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

خیال رہے کہ "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ !

افق کے پار
دیکھنے والوں کو اگر میرا یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کو بھی بتائیے ۔ آپ اِسے کہیں بھی کاپی اور پیسٹ کر سکتے ہیں ۔ ۔ اگر آپ کو شوق ہے کہ زیادہ لوگ آپ کو پڑھیں تو اپنا بلاگ بنائیں ۔