Pages

میرے چاروں طرف افق ہے جو ایک پردہء سیمیں کی طرح فضائے بسیط میں پھیلا ہوا ہے،واقعات مستقبل کے افق سے نمودار ہو کر ماضی کے افق میں چلے جاتے ہیں،لیکن گم نہیں ہوتے،موقع محل،اسے واپس تحت الشعور سے شعور میں لے آتا ہے، شعور انسانی افق ہے،جس سے جھانک کر وہ مستقبل کےآئینہ ادراک میں دیکھتا ہے ۔
دوستو ! اُفق کے پار سب دیکھتے ہیں ۔ لیکن توجہ نہیں دیتے۔ آپ کی توجہ مبذول کروانے کے لئے "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ پوسٹ ہونے کے بعد یہ آپ کے ہوئے ، آپ انہیں کہیں بھی کاپی پیسٹ کر سکتے ہیں ، کسی اجازت کی ضرورت نہیں !( مہاجرزادہ)

ہفتہ، 13 جون، 2020

شگفتگو - مداح کا خوبصورت اینکر کو جذباتی خط

بہت ہی خوبصورت 'مس  تصویر'
جب سے آپ کو ٹی وی سکرین پر دیکھا ہے، فوراً ہی دل دے بیٹھا ہوں۔ گو کہ میں آپ سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہوں لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ آپ مس ارم کے فلیٹ سے بھی زیادہ میرے دل کے نزدیک رہتی ہیں( مس ارم میری پڑوسن ہیں اور ہم ایک دوسرے کو مدت سے بوجوہ پسند نہیں کرتے)۔ نہ جانے عشق کے طبی اور کیمیائی اثرات کیا ہوتے ہیں لیکن آپ پر  فدا ہونے کے بعدحالت یہ ہے کہ آپ سے جدائی کا خیال آتے ہی دن میں چار چار مرتبہ کھانا کھاتا ہوں۔ اس امید پہ بار بار سو جاتا ہوں کہ گہری نیند کے دوران آپ خواب میں ملنے آئیں گی۔ آغاز محبت کے قدیمی ایس او پی کے تحت میں نے نزدیکی حکیم سے معدے کی جلن، دل کے دورے، پتے کی پتھری اور بلڈ پریشر والی دوائیں گھر میں سٹور کرلی ہیں تاکہ ممکنہ ہجر کے دوران  طبیعت کی ناسازی سے بچا جا سکے۔  کھانسی کا شربت،  انسولین اور درد قولنج کے انجیکشن تو ویسے ہی ہر چھوٹے موٹے عاشق کی روٹین کی دوائیں ہیں، سو ان کا تذکرہ کیا کرنا۔   شیزو فینائی غلبے کے تحت کبھی کبھار بے ربط باتیں کر کے اپنا کتھارسز کرتا رہتا ہوں۔
میری جان! یہ بات چھپانا محبت کی توہین ہوگی کہ میں ایک عدد بدتمیز بیوی کا شوہر ہوں۔ چھ بچوں کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ کبھی جھگڑے میں پہل تو کجا، دوم بھی نہیں کی۔ ہمیشہ معافی مانگنے اور پیروں پڑنے کو اپنی مردانگی گردانا اور کبھی کبھار عائلی جھڑپ میں زخمی ہونے پر واویلا نہیں کیا۔بھلا ہو حکیم صاحب کا جنھوں نے میرے لیے فرسٹ ایڈ باکس، بطور خاص، رکھا ہوا ہے اور میری سفید پوشی کا بھرم ہر مرتبہ رکھنے میں مناسب فیس لے کر  تعاون فرماتےہیں۔ میری بیوی حد سے زیادہ شکی مزاج ہیں۔ ہروقت میرے گردا گرد سنتھے کی باڑ بن کر منڈلاتی رہتی ہیں۔ ان کی نظر بچا کر کبھی کبھار کسی دستیاب سہیلی سے وٹس ایپ وڈیو کال پر دوچار باتیں کر لیتا ہوں یا کسی  دکھیاری  کلاس  فیلن سے اس کے میاں کا گھر پر آنے کا شیڈول ڈسکس کرلیتا ہوں تو آخر میں بھی تو انسان ہوں۔ کیا  گپ شپ لگانے کو میرا من نہیں کرتا؟
میں سخت معذرت خواہ ہوں کہ حال دل کہنے کے موقع پر  غیرضروری حالات آپ کے سامنے رکھنے پڑے۔ یقین مانیں گھریلو ٹینشن کے سبب ایسا ہوا ہے وگرنہ آپ سے  قبل میری تمام دوستوں نے میرے حال دل کےتحریری سٹائل کو بہت پذیرائی بخشی ہے۔ چونکہ تمام عمر شاعروں ادیبوں میں اٹھنا بیٹھنا رہا ہے، سو جذباتی نزاکتوں کے بیان میں فطری سوز  بلاارادہ ہی در آتا ہے۔عشقیہ گفتگو کے انھی سوزو گداز کے سبب کم از کم تین ایسے مواقع میری زندگی میں آ چکے ہیں جب  حال دل کے جواب میں اپنی تین دوستوں کی سسکیوں کے ساونڈ کلپس موصول ہوئے ہیں۔ بس اتنی گزارش ہے کہ جب آپ گاجری کلر کی شارٹ فراک    یا پیپلم کے ساتھ گہرے نارنجی کلر کا ہئر بینڈ استعمال کرتی ہیں، تو مجھے بالکل مس روبی کی طرح زہر لگتی ہیں۔  اس کنٹراسٹ کو مس حنا کی طرح کر لیں تو مزا آ جائے۔ اگر آپ ٹی وی پر آتے ہوئے ایسا دوپٹا استعمال کریں جس کے بٹن لگے ہوئے ہوں تو آپ اس نئے فیشن کی بانی کہلا سکتی ہیں۔ میک اپ میں استعمال  ہونے والے رنگوں کا تناسب بہت ہی بھلا لگتا ہے اور آپ بہت پیاری دکھتی ہیں۔ میری ایک اور جاننے والی کی طرح آپ کی مسکراہٹ بہت ہی دلکش ہے۔
درج بالا تمام گفتگو کو مجھ ایسے وفا شعار عاشق  کی مست اور بےخود خطا سمجھ کر قبول کریں۔ میں روزانہ "عشق پارک" کے بنچ نمبر 112 پر رات ساڑھے دس سے ساڑھے گیارہ تک ملنے والیوں کا انتطار کرتا ہوں، ہوسکے تو مقررہ وقت پر دیدار کرا کے فقیر کی دعائیں لیں۔
فقط آپ کی  محبت پر مجبورمداح۔۔۔ سعد

( ،ڈاکٹر عزیز فیصل)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
زعفرانی بزم شگفتگو کےمزاحیہ مناثرہ کی 22 ویں محفل میں وٹس ایپ کیا گیا ،ڈاکٹر عزیز فیصل صاحب    کا مضمون ۔  
٭٭٭٭واپس ٭٭٭٭

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

خیال رہے کہ "اُفق کے پار" یا میرے دیگر بلاگ کے،جملہ حقوق محفوظ نہیں ۔ !

افق کے پار
دیکھنے والوں کو اگر میرا یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کو بھی بتائیے ۔ آپ اِسے کہیں بھی کاپی اور پیسٹ کر سکتے ہیں ۔ ۔ اگر آپ کو شوق ہے کہ زیادہ لوگ آپ کو پڑھیں تو اپنا بلاگ بنائیں ۔